8 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:0
اغوا کیس میں ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور
جیو نیوز - اسلام آباد.............ممبئی حملہ کیس کے بعد اغوا کے مقدمہ میں بھی ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کر لی گئی، ملزم کے نظربندی احکامات بحال ہونے کے باعث رہا ئی نہیں ہو سکے گی۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ میاں اظہر ندیم نے اغوا کیس میں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے۔ درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت بھارتی دباؤ کے باعث ذکی الرحمان لکھوی کو رہا نہیں کرنا چاہتی، اس لیے ساڑھے چھ سال پرانے واقعے کو بنیاد بنا کر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا۔ ذکی الرحمان کے خلاف سپریم کورٹ نے نظربندی کا حکومتی نوٹیفیکیشن بحال کر دیا ہے جس کے باعث ملزم کی جیل سے رہائی ممکن نہیں۔