9 جنوری 2015
وقت اشاعت: 9:42
کراچی: آٹھ نو افراد غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی مافیا چلا رہے ہیں،ایم ڈی واٹربورڈ
جیو نیوز - کراچی.......سپریم کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نےڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں د ورکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین اور کراچی پولیس چیف سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے عدالت میں اعتراف کیا کہ 8 سے 9 افراد غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی مافیا چلا رہے ہیں اور واٹر بورڈ کے متوازی نظام بالخصوص سائٹ ایریا میں قائم ہیں۔ان کا موقف تھا کہ منگھوپیر، موچکو، سائٹ، لانڈھی، کورنگی اور ملیر میں سب سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمے کےلئے پولیس ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔ سپریم کورٹ نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ کمیٹی میں نمائندہ واٹر بورڈ، متعلقہ پولیس، ایڈمنسٹریٹر، مقامی ایم پی اور ایم این اے سمیت شامل کئے جائیں۔