9 جنوری 2015
وقت اشاعت: 9:58
دہشتگرد اکرم لاہوری کہاں ہے؟ محکمہ داخلہ پنجاب لا علم !
جیو نیوز - لاہور.......محکمہ داخلہ پنجاب نے اکرام الحق لاہوری کو اکرم لاہور ی سمجھ کر ڈیتھ ورانٹ حاصل کرلئے جبکہ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث اکرم لاہور ی کو 12 سال سے پولیس تفتیش کیلئے سندھ سے پنجاب منتقل ہی نہیں کرسکی۔ الٹا وزیراعلیٰ سے شاباش لیتی رہی ۔ذرائع کے مطابق اکرام الحق لاہور ی قتل کے ایک مقدمہ میں ملوث تھااور جرم ثابت ہونے پر اسے سزائے موت کی سزا سنائی گئی۔ محکمہ داخلہ پنجاب اور پولیس نے اسے اکرم لاہوری سمجھا جبکہ اصل اکرم لاہور ی کے ایرانی قونصل جنرل صادق گنجی اور مومن پورہ کے 24 افراد کو قتل کرنے جیسے سنگین مقدمات کو عدم پتہ کرکے تفتیش نہیں کرسکی ۔ پولیس اس بات سے بھی بے خبر رہی کہ اکرم لاہوری کو 2002 میں کراچی میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سکھر جیل میں ہے۔اکرام الحق کو مقتول کے لواحقین کیطرف سے معاف کرنے پر پھانسی روک لی گئی لیکن سی آئی اے پولیس کے افسران وزیراعلیٰ سے اکرم لاہوری کے نام پر شاباش لیتے رہے۔دہشت گرد اکرم لاہوری کا اصل نام محمد اجمل عرف اکرم لاہوری عرف شیخ محمد علی ہے ۔اکرم لاہوری کے خلاف پنجاب میں درج درجنوں دہشت گردی کے مقدمات میں آج تک پنجاب پولیس اسے تفتیش کیلئے یہاں منتقل نہیں کر سکی۔ پولیس اکرم لاہور ی کے تمام مقدمات کو عدم پتہ کر کے کسی بھی کیس میں آج تک حسب ضابطہ قانونی طریقے سے ا سکا چالان دہشت گردی کی عدالت میں پیش نہیں کر سکی۔