9 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:8
راولپنڈی : امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکا،7 افراد جاں بحق
جیو نیوز - راولپنڈی......پولیس حکام کے مطابق راول پنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں واقع امام بارگاہ کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے سات افراد جاں بحق اور 18افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور وہاں پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق امام بارگاہ کے اندر محفل میلاد جاری تھی کہ ایک مشکوک شخص وہاں پہنچا تاہم حملہ آور کو اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا اوراس نے وہیں خود کو دھماکےسے اڑا لیا، دھماکے میں ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہوئی ہے، جس کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ یہ خودکش حملہ آور کی تھی تاہم اسکی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اورارد گرد کی دیواروں کو نقصان پہنچا۔ ابتدا میں ریسکیو ٹیموں کے نہ پہنچنے پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال پہنچایا تاہم اب پولیس اور امدادی ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں خاصی دشواری پیش آئی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیا ہے۔امام بارگاہ اور اسپتالوں میں عورتیں اور مرد بلک بلک کر رو رہے ہیں۔لوگ غم و غصے کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔