10 جنوری 2015
وقت اشاعت: 5:18
میرپور خاص: مقابلہ 7گھنٹے ،2ایس ایچ اوز،3کانسٹیبل شہید، 3ڈاکو ہلاک
جیو نیوز - میرپور خاص.......میرپور خاص میں اشتہاری ڈاکو چھوٹو ناریجو اپنے دو ساتھیوں سمیت پولیس مقابلے میں مارا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں دو ایس ایچ اوز اور تین کانسٹیبل جاں بحق اور سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا۔میر پور خاص کے علاقے محمود آباد میں انتہائی مطلوب ڈاکوؤں چھوٹو ناریجو اور قربان ناریجو کی موجودگی کی اطلاع پر حیدرآباد اور مٹیاری پولیس نے چھاپہ مارا۔پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ڈی آئی جی حیدرآباد رانا ثنا اللہ عباسی کے مطابق ڈاکوؤں نے ایک بنگلے میں پناہ لے رکھی تھی اور خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا تھا۔کارروائی میں حیدرآباد،پنیاری ،مٹیاری اور ٹنڈو الہ یار اضلاع کی پولیس نے حصہ لیا۔ڈی آئی جی ثنا اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ پولیس غلطی سے غلط گھر میں داخل ہوئی۔جبکہ وسائل کی کمی کا بھی سامنا رہا۔فائرنگ کا سلسلہ رات 12 بجے شروع ہوا جو تقریبا صبح 7 بجے تک جاری رہا۔فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او لطیف آباد اے سیکشن حسن علی عابدی ،ایس ایچ او پنیاری واحد بخش لغاری اور تین کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے ، جبکہ تینوں ڈاکو عبدالوہاب عرف چھوٹو ناریجو،سلیم اور ذوالفقار بھی مارے گئے۔