12 جنوری 2015
وقت اشاعت: 10:33
کراچی:وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا
جیو نیوز - کراچی......وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہےکہ اسکولوں کی سکیورٹی کے لیےکراچی کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ او لیول، انگریزی میڈیم اور مشنری اسکولز کو زیادہ خطرہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد آج کھلنے والے شہر کے مختلف علاقوں میں اسکولوں کا دورہ کیا ۔ بعد میں ایک نجی اسکول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جن اسکولوں کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں ان کو سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کے اطراف پولیس اور رینجرز کی پٹرولنگ بڑھائی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی سکیورٹی کے لیے کراچی کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔او لیول اور انگریزی میڈیم اور مشنری اسکولز کو خطرہ زیادہ ہے۔سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن تعلیم عام کرنا ہے۔تعلیمی ادارے بھی سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کریں ،کچھ اسکولوں کو سیکیورٹی خطرات کی اطلاعات ہیں ،جن اسکولوں میں چار دیواری نہیں ہیں اس کی جلد تعمیرات کرائیں گے۔