13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:42
کراچی :چند گھنٹوں میں فائرنگ سے ایم کیو ایم کے 3کارکن جاں بحق
جیو نیوز - کراچی.......کراچی میں چند گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے عہدیدار سمیت تین کارکنان کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مکی مسجد کے قریب فائرنگ کر کے دو افراد عبدالرحمان اور محمد اشرف کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ اس سے قبل اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کر کے اشرف خان نامی شخص کو گاڑی پر فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔ فائرنگ کے واقعے میں اشرف خان کی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی زخمی ہوا تھا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے اعلامیے کے مطابق مقتول ایم کیو ایم کی بلوچستان کمیٹی کے جوائنٹ انچارج تھے۔ ناظم آباد میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں افراد بھی ایم کیو ایم کے کارکنان تھے۔ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظم سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور چیف آف آرمی اسٹاف سے ایم کیو ایم کے کارکنان کے پے در پے قتل کے واقعات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔