14 جنوری 2015
وقت اشاعت: 7:53
حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے، اسحٰق ڈار
جیو نیوز - ٹوکیو......عرفان صدیقی ...... مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی یافتہ ملک بنانے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے دورہ جاپان کے آغاز پر ٹوکیو ایئرپورٹ پر اپنے استقبال کے لیے آنے والے ن لیگی کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاہم اب ن لیگ کی حکومت جاپان سے امداد کے بجائے تجارت میں اضافے پر مذاکرات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان سے تجارتی تعاون میں فروغ چاہتا ہے۔ اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ جاپان میں مقیم کارکن مسلم لیگ ن کا سرمایہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی قیادت میں جاپان میں پارٹی بہترین کام کررہی ہے تاہم تمام کارکنوں اور رہنمائوں کو چاہیے کہ اپنے اتحاد اور اتفاق سے پارٹی کو مضبوط کریں ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ اپنے دورہ جاپان میں جاپانی وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے ملاقاتیں کریں گے جس سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔