15 جنوری 2015
وقت اشاعت: 7:33
پنجاب کے کئی شہروں میں 3 دن سے پٹرول نایاب، سی این جی پہلے ہی 4ماہ کیلئےبند
جیو نیوز - لاہور......... پنجاب کے کئی شہروں میں تین دن سےپٹرول کی قلت برقرار ہے جبکہ سی این جی پہلے ہی چار ماہ کیلیے بند ہے۔ اس صورتحال میں عوام شدید پریشانی سے دو چار ہیں اور در در مارے پھر رہے ہیں ۔ لاہور ، پنڈی اور جہلم کے پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔ ملک میں غریب عوام کو سستا کچھ راس نہیں آتا۔ پہلی ستی گیس پر لمبی قطاریں لگتی تھیں ۔ پٹرول سستا ہوا تو اب یہ بھی میسر نہیں آرہا۔ پنجاب کے کئی شہروں خاص کر لاہور میں پٹرول کی عدم دستیابی نے عوام کو خوار کرکے رکھ دیا ہے ۔لاہور میں پٹرول کی قلت کا آج تیسرا دن ہے ۔ لوگ پیدل موٹرسائیکلیں لے کر پٹرول کی تلاش میں پھر رہے ہیں ۔ کچھ جگہوں پر پٹرول دستیاب ہے تو اس طرح جیسے فری بٹ رہاہو اور اس کا حاصل کرنا صبر کے امتحان سے کم نہیں ۔ مل بھی رہا ہے تو اتنا تھوڑا آگے چل کر پھرپٹرول ختم ہونے کی فکر لاحق ہوجاتی ہے ۔ پٹرول پمپ مالکان کا کہناہے کہ وہ ادائیگی کرچکے۔ کمپنیاں ایندھن کی فراہمی میں تاخیر کررہی ہیں ۔ امید ہے کہ آج شام تک صورتحال بہتر ہوجائے گی ۔