16 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:43
گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف پشاور میں وکلاء کی ہڑتال
جیو نیوز - پشاور.......فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف پشاور میں وکلاء نے ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ وکلاء نے احتجاجی مظاہرہ کیااور جیل روڈ کو بند رکھا۔ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف پشاور ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلاء نے ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ پشاورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہواجس میں وکلاء نے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کی۔ اجلاس میں فرانس سےسفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرنے، او آئی سی گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہنگامی اجلاس بلا نے اور امت مسلمہ سے فرانس میں اپنے اکاؤنٹس سے پیسے نکلوانے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ وکلاء نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہائی کورٹ سے احتجاجی جلوس نکالا اور کچھ دیر کے لئے جیل روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کیا۔