16 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:49
ملک بھر میں مظاہرین کا گستاخانہ خاکوں پر شدید غم و غصے کا اظہار
جیو نیوز - اسلام آباد........فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف ملک بھرمیں مختلف تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیےگئےجن میں لوگ غم وغصے کا اظہارکیا۔ فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین،جمعیت علمائےاسلام اور دیگرمذہبی تنظیموں سمیت وکلا برادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ملتان، فیصل آباد، بہاول پور، رحیم یارخان اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے گستاخانہ خاکوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مذہبی دہشت گردی کرنے والوں کیخلاف بین الاقوامی قانون کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ حیدرآباد، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت سندھ بھر میں بھی عاشقان رسول سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ سرور کائنات رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو کڑی سزا دلوانے کے لیے حکومت پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک سفارتی سطح پر بھرپور کردار ادا کریں۔ سوات ، نوشہرہ ، چارسدہ ، کوہاٹ اور پاراچنار سمیت خیبرپختونخوا اور فاٹا کی تمام ایجنسیز میں بھی فرانس میں شائع گستاخانہ خاکوں کیخلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی مظاہرے ہوئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی آزادی اظہار رائے نہیں ۔