17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:57
بجلی گیس کے بعد پیٹرول کی قلت نے عوام کا جینا مشکل کردیا،اپوزیشن لیڈر
جیو نیوز - اسلام آباد.........قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بجلی،گیس کے شدید بحران کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قلت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں، حکومت ٹیکسوں کے نفاذ کے سوا کسی چیز میں تیزی سے کام نہیں کرتی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آنےو الے دنوں میں فرنس آئل کی قلت کا بھی اندیشہ ہے جس سے عوام کی زندگی مکمل مفلوج ہو جائے گی، حکومت انتخابی وعدوں کے برعکس ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کے کم بحران پر مینار پاکستان پر ٹینٹ لگانے والوں کو اب ہر شہر میں احتجاجی کیمپ لگانے چاہئیں ، پیپلز پارٹی عوام کے حقوق اور مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی ، ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔