تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:13

بارشیں نہ ہونے سے حب ڈیم خشک، کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت

جیو نیوز - کراچی..........لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول نہیں مل رہا تو ،کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے شہر کو روزانہ سوملین گیلن پانی فراہم کرنے والا حب ڈیم خشک ہوتا جارہا ہے ۔ کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی وجہ سے فراہمی آب کی صورتحال پہلے ہی خاصی خراب تھی تاہم حب ڈیم خشک ہونے کے بعد یہ مسئلہ اور بھی زیادہ سنگین ہوگیا ہے۔ حب ڈیم ضلع غربی سمیت شہر کے مختلف علاقوں کو 100 ملین گیلن پانی روزانہ فراہم کرتا تھا مگر بارشیں نہ ہونے کے باعث اب خود پانی کو ترس رہا ہے۔جس مقام سے ہم حب ڈیم کی رپورٹنگ کر رہے ہیں وہاں سے اگر دو سال قبل تصور بھی کیا جاتا تو ناممکن تھا۔حب ڈیم سے23 کلو میٹر طو یل کینال کے ذریعے پانی کوپہلے حب پمپنگ اسٹیشن تک لایا جاتا اور پھر وہاں سے لائنوں کے ذریعے شہر میں سپلائی کیا جاتا تھالیکن اب کینال ہی سوکھی پڑی ہے۔ حب کینال کے سپر وائزر طفیل شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ حب ڈیم میں ایسی خشکی انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث ڈیم میں پانی انتہائی کم رہ گیا لیکن متبادل طریقوں سے 50 ایم جی ڈی سے زائد پانی ہفتے میں تین دن ضلع غربی اور دیگر علاقوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں بارشیں کم ہونے کے باعث حب ڈیم میں پانی کی سطح بتدریج کم ہوتے ہوتے ڈیڈ لیول سے بھی کم ہوگئی ہے اور اب یہاں گڑھے پڑ گے ہیں جبکہ واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو پانی متبادل ذرائع سے تو ضرور فراہم کیا جارہا ہے لیکن حب ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے انہیں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.