20 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:46
حکومت بتائے اس کیخلاف سازش کس نےکی؟ خورشید شاہ
جیو نیوز - اسلام آباد...........قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم بحران کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں، وہی ہر معاملے کو دیکھتے ہیں،بحران کی تحقیقات سپریم کورٹ کے جج سے کرائی جائے،حکومت بتائے یہ بحران سازش ہے تو سازش کس نے کی؟ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے پیٹرولیم بحران کی پارلیمنٹ میں قبل ازوقت نشاندہی کردی تھی مگر حکومت نے توجہ نہ دی، وزیر اعظم خود ذمہ دار ہیں، کیوں کہ ہر معاملے کو وہ خود دیکھتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے سوال اٹھایا کہ پیٹرول وقت پر کیوں نہیں آیا حکومت کیا کررہی تھی؟ ملک کو اس بحران سےروزانہ 10سے 12ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، تیل بحران کا ذمہ دار کون ہے،بحران کا خاتمہ کب تک ہوگا،پی ایس او کو پیسوں کی ادائیگی کب تک ہوگی،اب پی ایس او کتنا تیل درآمد کررہی ہے اور کتنی ایل سی کھولیں۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول بحران پر بحث کا بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، 95ارکان کے دستخط سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرادی ہے،حکومت 14روز کا انتظار کیے بغیر ایک دو روز میں اجلاس بلائے۔