21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 8:12
فوج آگئی تو شوربھی ایم کیو ایم ہی مچائے گی،شرجیل میمن
جیو نیوز - کراچی......سندھ اسمبلی کے باہر بھی ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی میں گرما گرمی نظر آئی، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے صوبے میںقتل عام روکنے کے لیے فوج بلانے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ فوج آگئی تو سب سے زیادہ شور خود ایم کیو ایم مچائے گی۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے سندھ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، صوبائی حکومت نے ثابت کردیا کہ سندھ دہشت گردوں کی پسندیدہ جگہ ہے، صوبے بھر میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، سندھ میں قتل عام کو روکنے کیلئے اگر فوج کی ضرورت پڑے تو مدد لے لی جائے،کراچی سے کشمور تک اپنی آواز کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ، وہ لوگ جو اس بار بے ایمانی سے اسمبلیوں میں آئے ہیں ان پر اب بھی نیب کے کیسز چل رہے ہیں، اگر کسی کے پاس سندھ حکومت کے خلاف الزامات ہیں تو وہ اسمبلی میں جائیں، ایم کیو ایم جب حکومت میں ہوتی ہے، انہیں سب اچھا لگتا ہے جب نہیں ہوتی تو الزامات لگاتی ہے، فوج کا مطالبہ کرنے والوں کا رویہ نان سیریس ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ، میڈیا کو بھی اپنا معیار چیک کرنا چاہئے کہ وہ غلط خبریں پھیلارہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ میڈیا پر آنے والی 90 فیصد خبریں غلط ہوتی ہیں۔