18 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 6:35
فضائیہ کیمپ حملہ ،8 دہشت گرد ہلاک،کلیئرنس آپریشن جاری
جیو نیوز - پشاور.......پشاورکے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پاک فوج کے کمانڈوز، ائر فورس کے اہلکاروں اور کوئیک ری ایکشن فورس کی بروقت کارروائی میں 8دہشت گرد ہلاک ہو گئے،مقابلے کے دوران پاک فوج کے میجر سمیت 10 جوان زخمی ہوئے ہیں ۔ علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
دہشت گردوں سے مقابلہ کرتےہوئے دس جوانوں سمیت پچیس سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میںکوئیک ری ایکشن فورس کے میجر حسیب بھی شامل ہیں، جنہیںسی ایم ایچ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور بیس کے اندر جانا چاہتے تھے، انھیں گارڈروم کے علاقے میں ہی گھیر لیا گیا ۔
صبح چھ بجے کے قریب دہشت گرد پاک فضائیہ کے بیس کیمپ پر حملہ آور ہوئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 7 سے دس تھی ۔ جنہوں نے سیکیورٹی حصار تورنے کےلیے گارڈ روم کو نشانہ بنایا ۔لیکن یہیں انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور آگے بڑھنے سے روکا گیا۔ کوئیک ری ایکشن فورسز نے بھی فوری موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کیمپ میں کلیرنس آپریشن جاری ہے ۔ پاک فضاکے ذرائع کے مطابق بڈھ بیر آپریشنل بیس نہیں ، رہائشی علاقہ ہے،پاک فضائیہ کے تمام اسٹریٹجک اثاثے محفوظ ہیں۔کوئیک ری ایکشن فورس کی مدد سے کیے جانے والے آپریشن کی سربراہی پشاور بریگیڈ کمانڈ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی مسلسل اپ ڈیٹ حاصل کررہے ہیں ۔پشاور آپریشن کے حوالے سے وزیر اعظم کو مسلسل آگاہ رکھا جارہاہے ۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ۔پاکستان میں دہشت گردوں کے تمام نیٹ ورکس کو مکمل تباہ وبرباد کردیا جائے گا،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پشاور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی بیس کے اندرجانے کی کوشش ناکام بنا دی،، سی سی پی او پشاور کے مطابق علاقہ جلد کلئیر کر دیا جائے گا۔
پشاور کے چیف کیپیٹل پولیس آفیسر مبارک زیب بھی پی اے ایف بیس حملے کے موقع پر موجود ہیں ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔