18 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 15:15
بیس کیمپ پر حملہ آورتمام دہشت گرد مارے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر
جیو نیوز - پشاور.......ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے بیس کیمپ پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد مارے گئے، کوئی خود کش حملہ آور نہیں تھا، سب کو گھیر کر مارا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں 29افراد شہید اور 29 زخمی ہوئے، شہداء میں 23کا تعلق پاک فضائیہ سے ہے، دہشت گردوں سے مقابلے میں آرمی کا ایک افسر اور 2سپاہی بھی شہید ہوئے، پاک فضائیہ کے 4سویلین ملازمین بھی شہید ہوئے،30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ صبح 5 بجے13،14دہشت گرد مختلف راستوں سے فائرنگ کرتے ہوئے بڈھ بیر کیمپ میں داخل ہوئے، دہشت گرد ایک گاڑی میں آئے پھر 2گروپوں میں تقسیم ہوگئے،دہشت گردوں نے نماز کے انتظار میں بیٹھے افراد کو شہید کیا، دہشت گردوں کے داخل ہوتے ہی گارڈز نے دلیری سے مقابلہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کو 50 میٹر کے اندر محدود کیا گیا،دہشت گردوں کاایک گروپ انتظامی بلاک، دوسراٹیکنیکل بلاک کی طرف بڑھا،کچھ دہشت گرد پارکنگ ایریا میں داخل ہوئے،پولیس فورس نے بھی کوئیک رسپانس دیا، 8دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر مارا،کوئیک رسپانس فورس 10منٹ میں اور آدھےگھنٹےمیں کمانڈوز پہنچ گئے،کیمپ کے اندر جو دہشت گرد آیا وہ بچا نہیں مارا گیا۔
میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ حملہ آور افغانستان سے آئے ،بڈھ بیر میں دہشت گردی کا منصوبہ افغانستان میں بنا، دہشت گرد بھی وہیں سے آئے اور انہیں کنٹرول کرنے والے بھی وہیں بیٹھے تھے، افغانستان کے کراسنگ پوائنٹس سیکیورٹی رسک ہیں، کئی ہزار افغان لنڈی کوتل کے راستے سے روزانہ آتے ہیں، حملہ آوروں کاتعلق کالعدم تحریک طالبان کےایک گروپ سے ہے، دہشت گردوں کے افغانستان سے تعلق کے شواہد موجود ہیں، تاہم افغان حکومت اور ریاست دہشتگرد حملے میں ملوث نہیں ہوسکتی ،افغانستان کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں ، لیکن افغان مہاجرین ہمارے لیے سیکیورٹی رسک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وں کی یہ کارروائی ضرب عضب کا ردعمل ہے،آپریشن ضرب عضب بہت کامیاب آپریشن ہے،دہشت گرد کانسٹیبلری کی یونیفارم میں تھے، دہشت گرد راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے مسلح تھے، سی سی ٹی وی ویڈیو سے پتا چلتا ہے کہ ڈرائیور چلا گیا، صبح ساڑھے9 بجے تک آپریشن مکمل ہوگیا تھا، تمام دہشت گردوں کو ماردیا گیا تھا اور ساڑھے 9بجے کے بعد سارے کیمپ کو سویپ کیا گیا۔
عاصم باجوہ نے مزید کہا کہ فارنزک اور ڈیٹا کی مدد سے دہشت گردوں کی شناخت تک پہنچ جائیں گے، دہشت گردوں سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں، دہشت گردوں کا تعلق بتانا قبل از وقت ہے، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار آپریشن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے، مسلح افواج کا مورال بلند ہے، دہشت گرد ختم ہوکر رہیں گے۔
میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پوری قوم متحد اور یک جان ہے ، ذمےدارانہ کردار پر میڈیا کا شکر گزار ہوں، دہشت گردوں کا جرأت اور بہادری سے مقابلہ کرتے رہیں گے،سہولت کاروں کے پکڑے جانے تک کیس بند نہیں ہوگا، قوم دہشت گردوں سے خوف زدہ نہیں ہے، دہشت گردوں کوختم کرکےدم لیں گے۔