تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:8

کراچی نامہ ، سورج کی قیامت خیزی سے انسانی جانوں کا نقصان

جیو نیوز - کراچی......مدیحہ بتول ......آخر کار وہی ہوا جس کا ڈر تھا ۔پچھلے دو دن سے کراچی میں جون جیسی گرمی دوبارہ پڑ رہی ہے۔ وہی سورج کی قیامت خیز ی اورانسانوں کی طرف بڑھتے وہی موت کے سیاہ سائے۔ ہفتے تک جو ابتدائی اطلاعات ملیں ان کے مطابق ہیٹ اسٹروک نے دو افراد کی جان لے لی ہے۔

جمعہ کو محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت 38ڈگری تک پہنچا جبکہ ہفتے کو اس میں مزید اضافہ نوٹ کیا گیا جو شام کے طویل سایوں میں بدلنے تک 41ڈگری سے بھی آگے نکل گیا تھا۔ شنید ہے کہ پارہ مزید ایک یا دو ڈگری آگے جائے گا۔

شہر میں گرمی میں اضافہ اچانک نہیں متعلقہ محکمے نے پہلے ہی خبردار کردیا تھاجبکہ عوام کو حفاظتی تدابیر اپنانے کا بھی کہہ دیا گیا تھا۔ جمعہ کو شمالی مغربی علاقوں سے آنے والی ہوائیں گرم رہیں جبکہ ہفتے کو معاملہ مزید ’گرم‘ ہوگیا۔ سڑکوں پر معمول سے کم ٹریفک رہا ، اسکولوں اور کچھ سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کی پہلے ہی ہفتہ وار چھٹی تھی لیکن نجی اداروں کے ملازمین ، تاجر اور دکانداروں وغیرہ کی مجبوری تھی ۔ انہیں موسم کی سختی میں بھی اپنا کام معمول کے مطابق کرنا پڑا۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے گرمی کی تپش کو دیکھتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کے 42 میڈیکل سینٹرز پہلے ہی بحال کرا دئیے تھے تاکہ کسی بھی صورتحال سے آسانی کے ساتھ نمٹا جاسکے۔

میڈیکل سینٹرز میں عملے نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیئے ۔ باقی تمام انتظامات بھی پورے تھے۔ کے ایم سی کے تمام میڈیکل اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی پہلے سے ہی منسوخ کر دی گئی تھیں یوں معاملہ مزید بگڑنے سے بچارہا۔

پیش گوئی کے مطابق کل گرمی کی شدت کا آخری دن ہے ، پھر رفتہ رفتہ زور ٹوٹ جائے گا لیکن شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچاوٴ کی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگامثلاً سخت گرمی میں شہری گھر سے نکلتے وقت سروں کو ڈھانپ کر رکھیں۔اس کے ساتھ ساتھ گرمی سے بچنے کے لیے وافرمقدارمیں پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں۔

رواں سال جون میں بھی شدید گرمی پڑی تھی جس سے 1200سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ خداکرے کہ ایسا پھر کبھی نہ ہو۔ وہ منظر کبھی نہ دوہرائے جائیں جن میں قبریں کم اور مرنے والے زیادہ ہوگئے تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.