19 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:40
بڈھ بیر حملہ، ڈرائیور محمد حسین شہید ،8سالہ بچہ زخمی
جیو نیوز - پشاور.......بڈھ بیر ائر بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کے شہداء میں ڈرائیور محمد حسین بھی شامل ہے جبکہ واقعے میں ایک 8سالہ بچہ زخمی ہوا ہے۔ شہید امام مسجد اور دیگر شہداء کو بھی اشک بار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
محمد حسین گزشتہ 12 سال سے پاک فضائیہ میں بطور ڈرائیور کام کرتا رہا۔ بڈھ بیر ائر بیس پر حملے میں محمد حسین بھی دیگر 29افراد سمیت جام شہادت نوش کرگئے۔ شہید حسین تین بچوں کو سوگوار چھوڑ گیاان کے گھر تعزیت کے لئےآنے والوں کا تانتا بندھاہوا ہے۔
دہشت گرد وں کی گولی کا نشانہ بن کر 8 سالہ شاکر اللہ بھی زخمی ہوا۔ جو اسکول جاتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آگیا۔ شاکر اللہ خود توسی ایم ایچ میں بستر پر پڑا ہے۔ اس کے گھر پر محلے کے سارے بچے موجود ہیں جو اس کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔
بڈھ بیر ائیر بیس حملے میں شہید ہونے والے خطیب مسجد مولانا فضل امین اور دیگر شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور انہیں آبائی قبرستانوں میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔