19 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 19:31
سندھ میں 19ہزار سے زائدپرائمری اسکولوں میں ایک ایک استاد مقرر
جیو نیوز - کراچی...... ساگر سہندڑو......صوبہ سندھ کے 46ہزار 759پرائمری اسکولوں میںسے 19 ہزار سے زائد اسکولوں میں صرف ایک استاد مقرر ہے جو نہ صرف تمام کلاسز کے بچوںکو سارے مضامین پڑھانے کی مشکل ترین صورتحال سے دوچار ہے بلکہ وہی استاد اسکول کے ریکارڈ کیپر سمیت چوکیدار کے فرائض بھی انجام دے رہا ہے۔
فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ حکومت پاکستان کے ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے 30فیصد اسکولوں میں اساتذہ کی کمی سمیت دیگر سہولتیں کا فقدان ہے، ملک بھر کے ایک لاکھ 46ہزار 185اسکولوں میں سے ایک لاکھ اسکولوں میں ایک استاد مقرر ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں52ہزار 414 پرائمری اسکولوں میں سے 6ہزار 415اسکولوں میں ایک استاد مقرر ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے 24ہزار 991اسکولوں میں سے 4ہزار559اسکولوں میں ایک، بلوچستان کے 11ہزار 79اسکولوں میں سے 5ہزار 980اسکولوں میں ایک، فاٹا کے 4ہزار836اسکولوں میں سے446اسکولوں میں ایک اور گلگت بلتستان کے 890پرائمری اسکولوں میں سات اسکولوں میں ایک استاد مقرر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا سب سے زیادہ بحران صوبہ سندھ میں ہے۔ پرائمری سطح پر ہر اسکول میں ایک استاد کی مقرری کی وجہ سے استاد کو تمام کلاسوں کے طلبہ کو انگریزی، اردو، ریاضی اور سائنس کے مضامین پڑھانے سمیت اسکول کے مالی و تعمیراتی معاملات سے بھی نمٹنا پرتا ہے۔ اسکول کی سیکیورٹی کی ذمہ داری بھی اسی استاد کی ہوتی ہے۔
اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مڈل اسکولوں کی تعداد 42ہزار 147ہے جس میں سے پنجاب میں26ہزار 831 ، سندھ میں5ہزار 928، خیبرپختونخوا میں 4ہزار928، بلوچستا ن میںایک ہزار406، فاٹا میں 616جبکہ گلگت بلتستان میں 226مڈل اسکول ہیں۔
جنگ کو ملنے والی رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں ہائی اسکولوں کی تعداد 29ہزار 874ہے جس میں سب سے زیادہ پنجاب میں17ہزار928 ، سندھ میں5ہزار189، خیبرپختونخوا میں3ہزار774، بلوچستان میں917، فاٹا میں439 اور گلگت بلتستان میں 268ہائی اسکول موجود ہیں۔
لگ بھگ 20کروڑ آبادی والے ملک میںکالجز کی تعداد بہت ہی مایوس کن ہے جس میں سے بھی بہت سارے کالجز ابتر صورتحال میں ہے، اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کے مطابق پاکستان بھر میں2ہزار318کالجز موجود ہیں، جس میں سےپنجاب میں ایک ہزار241، آبادی کے لحاظ سے دوسرے بڑ ے صوبہ سندھ میںصرف اور صرف 471، خیبرپختونخوا میں202، بلوچستان میں68، فاٹا میں62 جب کہ گلگت بلتستان میں35کالجز موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میںپرائمری طلبہ کی تعداد ایک کروڑ 75لاکھ 74ہزار 849ہے جس میں سے صرف اور صرف 77لاکھ 42ہزار 546لڑکیاں ہیں، مڈل اسکول میں پڑھنے والے طلبہ کی تعداد 61لاکھ 19ہزار 197ہے جس میں سے 26لاکھ 28ہزار 421طالبات ہیں، ملک میں ہائی اسکول کے طلبہ کی تعداد28لاکھ35ہزار326ہے جس میں سے 11لاکھ 88ہزار 318طالبات شامل ہیں۔
تعلیمی بہتری کے لئے کام کرنے والے ادارے الف اعلان کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 60لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں جس میں سے 13لاکھ سے زائد بچیاں شامل ہیں، سندھ میں پرائمری اسکول نہ جانے والے بچیوں کی تعداد چار لاکھ قریب ہے۔