19 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 19:31
اسلام آباد کی انتظامیہ کے نجی کلینک پر چھاپے
جیو نیوز - اسلام آباد.......اسلام آباد کے پرائیویٹ کلینکس پر چھاپے، ہیڈ کانسٹیبل جعلی کلینک چلاتے گرفتار،میٹرک اور ایف اے پاس2جعلی ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 12 ارکان بھی پکڑے گئے، چھاپے سے پہلے جائزہ لینے جانے والے انتظامیہ کےمخبر کو بھی ٹیکا لگا دیا گیا،13 کلینک سیل ہو گئے۔
اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں شامت آئی ہے دو نمبر کلینکس کی، کوئی ڈاکٹر جعلی نکلا تو کسی کلینک پرادویات زائد المعیاد نکلیں،سوہان میں تو ہیڈ کانسٹیبل احمد گل ڈاکٹر بن کر کلینک چلاتے پکڑا گیا، بولا ہومیو پیتھک ہوں ، مگر کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔
چٹھہ بختاور میں عائشہ کلینک پر میٹرک پاس عطائی ڈاکٹر نے ضلعی انتظامیہ کے مخبر کو پہلے ٹیکا لگایا اور پھر لٹا کر ڈرپ بھی لگا دی ، اسے گرفتار کر کے کلینک سیل کر دیا گیا۔
چٹھہ بختاور کے وعدہ کلینک میں 15 نفسیاتی مریضوں کو تالا لگا کر ایک کمرے میں بند کیا گیا تھا،، ضلعی انتظامیہ نے بازیاب کرا کے پمز منتقل کر دیا، ڈاکٹر بھی نفسیاتی ماہر کی بجائے ہومیو پیتھک نکلا اور پھر کلینک سیل کر دیا گیا۔
صادق کلینک بری امام میں ایف اے پاس جعلی ڈاکٹرپکڑا گیا، ایک مریض کو نیم بےہوشی کی حالت میں پمز بھجوا دیا گیا۔ بری امام میں تو 7 کلینک سیل ہوئے، تین کلینکس کے ڈاکٹر تو دکانداری بند کرکے بھاگ گئے ۔
نعیم اللہ کلینک سے بھی عطائی ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ۔ بری امام کے کسی کلینک میں گائنی کی ڈاکٹر نہ تھی مگر زچہ بچہ سنٹر کھول رکھے تھے، ادویات غیر محفوظ اور صفائی کا برا حال۔