20 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 5:48
آزادکشمیرسمیت مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کا امکان
جیو نیوز - اسلام آباد..........محکمہ موسمیات نے دو روز بعد کراچی کے شہریوں کو گرمی سے نجات کی نوید سنادی ۔ پیر اور منگل کو آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے ۔
کراچی کے شہری آج کل گرمی سے ہائے ہائے کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دو روز بعد ہوائیں اور بادل، گرمی بھگادیں گے ۔
رات گئے خیبرپختونخوا کے شہروں صوابی،مالاکنڈ ایجنسی اور غازی تربیلا میں بارش سے موسم قدرے بہتر ہوگیا ۔ اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔جبکہ آئندہ ایک روز میں سکھر ،گھوٹکی ، میرپور خاص ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارش کا امکان ہے ۔
پیر اور منگل کے روز ساہیوال ، لاہور ،گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، اسلام آباد اور ہزارہ ڈویژن،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔