تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:4

میڈیا ریٹنگ پر ایک درجن ملکوں میں کام کرچکا ہوں، رابرٹ رُڈ

جیو نیوز - اسلام آباد.......انٹرنیشنل آڈیٹر رابرٹ رڈ کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا ریٹنگ کے حوالے سے ایک درجن سے زائد ممالک میں کام کرچکے ہیں اور جعل سازی کی کئی شکایات کا آڈٹ کیا ہے، لیکن ایکسپریس چینل کی دھاندلی ریٹنگ سسٹم کے ساتھ جعل سازی کی بدترین مثال ہے ۔

پی بی اے بورڈ کے اجلاس میں شریک ذرائع کا دعوی ٰ ہے کہ میڈیا لاجک کے سالانہ آڈٹ کے لیے رابرٹ رڈ کی تقرری 2014 میں ایکسپریس سمیت بورڈ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر کی تھی ۔ ایکسپریس کے نمائندے سلطان لاکھانی اس وقت پی بی اے کے سیکریٹری مالیات تھے اور انہوں نے آڈٹ سروس کے لیے ادائیگی کی منظوری دی تھی ۔

یہی وجہ ہے کہ ایکسپریس کے لیے آڈیٹر کو جواب دینے یا اس کے متعلق شکوک و شبہات پیدا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا دعوی ٰ ہے کہ رابرٹ رڈ نے پی بی اے کو بتایا کہ جنوری 2015 سے ریٹنگ سسٹم میں دھاندلی سے ایکسپریس کے چینلز کو فائدہ ہوا ۔ تجزیے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ایکسپریس کے لیے ریٹنگ میں 70 فی صد سے زیادہ کا اضافہ دھاندلی کا نتیجہ ہے اور ایکسپریس چینلز کو کم از کم 6 ماہ تک یہ غیرقانونی فائدہ پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق رابرٹ رڈ نے بورڈکو بتایا کہ وہ ایک درجن سے زائد ممالک میں کام کرچکے ہیں اور اس طرح کی کئی شکایات کا آڈٹ کیا ہے لیکن ایکسپریس چینل کی دھاندلی ریٹنگ سسٹم کے ساتھ جعل سازی کی بدترین مثال ہے۔ ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 45 کروڑ روپے کے نقصانات کا ابتدائی اندازہ تو بہت ہی کم ہے، حقیقت میں انڈسٹری کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

9 ستمبر 2015 کو ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں پی بی اے نے ایکسپریس کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے ساتھ میڈیا لاجک کے مبینہ شواہد بھی منسلک تھے ۔ ان شواہد میں ریٹنگ میٹر والے گھروں کے افراد کے حلف نامے بھی شامل تھے جس میں لوگوں نے دعویٰ کیا کہ انھیں رقم کے عوض ایکسپریس کے چینلز دیکھنے کو کہا گیا۔میڈیا لاجک کے ملازمین کے حلف نامے بھی شواہد کا حصہ تھے جن میں ملازمین نے دعویٰ کیا کہ انھیں لوگوں کو ایکسپریس چینلز دیکھنے پر آمادہ کرنے کے لیے رقم دی گئی۔

اس کے علاوہ بینک اکائونٹ اور مالی لین دین کی تفصیلات بھی شواہد کا حصہ تھیں جن کے مطابق ایکسپریس کے مخصوص ملازمین کو ادائیگیاں کی گئیں اور ان ملازمین نے بعد میں میڈیا لاجک کے ملازمین کو رقوم دیں۔ شواہد میں ایک ٹی وی ریکارڈنگ بھی شامل ہے جس میں ایکسپریس گروپ کا ایک ملازم میڈیا لاجک کے ملازم کو ریٹنگ میں جعل سازی کےلیے کہہ رہا ہے اور کسی گڑبڑ کی صورت میں اسے ایکسپریس گروپ کی کمپنیوں میں ملازمت کی یقین دہانی کراتا ہے۔

تاہم کسی بھی ایک الزام کا جواب دینے کے بجائے ایکسپریس نے اپنے میڈیا اداروں میں یہ الزامات لگانے شروع کردیے کہ اس کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ اب میڈیا انڈسٹری اور ماہرین کو اس بات پر کوئی شبہ نہیں کہ ایکسپریس جرم کا مرتکب ہوا ہے ۔ انڈسٹری کے ماہرین کو یاد ہے کہ 2008 ، 2009 میں بھی ایکسپریس پر اپنے منافع میں ناجائز اضافے کے لیے کم از کم دو مرتبہ ریٹنگ میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

پاکستان میں اس بات کی بہت کم مثالیں ہیں کہ انڈسٹری ایسوسی ایشنوں یا اداروں نے اپنے آپ میں سے کسی کو کسی جرم یا ناجائز کام کرنے پر پکڑا ہو یا اسے سزا دی ہو۔ ایکسپریس کا ریٹنگ اسکینڈل 50 دن پہلے منظر عام پر آیا لیکن اب تک اس کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا پاکستان کی سب سے بڑی براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن انصاف کرے گی یا اپنے ایک رکن کو ویسے ہی تحفظ دے گی جیسے پاکستان میں دیگر تمام اداروں میں کیا جاتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.