تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:20

کراچی میں ستمبر ستم گر بن گیا، گرمی کی شدت عروج پر

جیو نیوز - کراچی.......کراچی میں ستمبر ، ستم گر بنا ہوا ہے، کہنے کو تو درجہ حرارت بیالیس ڈگری تک پہنچا ہے مگر محسوس کرنے میں کہیں زیادہ ہے۔ سورج کی تپش اور گرم ہواؤں نے ساحلی شہر کو صحرا کی مانند بنادیا ہے۔

آگ برساتا سورج، تپتی زمین اور بدن جھلساتی گرم ہوائیں۔ ساحلی شہر میں صحرا کا سا موسم اچھے اچھوں کو نڈھال کررہاہے۔ آج محکمہ موسمیات نے پارہ 43ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی ، لیکن جب یہ چالیس ڈگری تک پہنچا تو ہی محسوس ہونے میں 44ڈگری سے زیادہ جیسا ہوگیا۔

سورج کا سامنا کرنا تو دشوار ہے ہی، سائے میں بھی گرم ہوائیں چین لینے نہیں دے رہیں ۔ لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رےہیں اور ماہرین کے مطابق اسی میں بہتری ہے، ویسے بھی جولائی کی قاتل گرمی نے اس شہر کے باسیوں کو نہ بھولنے والا سبق دیا ہے ۔

شہریوں کی طرف سے غیر معمولی احتیاط دیکھنے میں آرہی ہے ، گھروں سے باہر آنے والے بھی گرمی اور سورج کی نظر بد سے بچنے کی بھرپور کوشش کررہےہیں ، پانی اور مشروبات کا بھی خوب استعمال کررہےہیں ۔

کل بھی گرمی کا زور برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور پرسوں جاکر صورتحال میں کچھ بہتری آئے گی جب سمندری ہواؤں کا رخ پھر سے شہر کی طرف ہوگا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.