22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:3
صدر پاکستان نے فنکاروں کی امداد کیلئے 20 کروڑ روپے مختص کردیئے
جیو نیوز - لاہور...... صدر پاکستان ممنون حسین نے فلم اور ٹی وی کے ضرورت مند اور بیمار فنکاروں کی امداد کیلئے 20 کروڑ روپے کی رقم مختص کردی جو جلد ہی مختلف فنکاروں کو مل جائے گی۔
یہ بات دوروز قبل اسلام آباد میںلاہور سے گئے ہوئے فنکاروں کے وفدکو بتا ئی گئی جس میں فلمی صنعت کے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی، محمد قوی خان، زیبا بیگم اور پشاور ٹی وی کے سینئر اداکار نجیب اللہ انجم شامل تھے۔
مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ صدر پاکستان ممنو ن حسین سے فنکا روں کے وفد کی ملاقات پا نچ گھنٹے جا ری رہی جس کے د وران فلمی صنعت اور فنکاروں کے مسائل پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ صدر پاکستان نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اپنے ہمراہ دیگر شعبو ںفنانس، کلچر اور ایڈمن سٹاف کے سامنے وفد کی تفصیلی گزارشات سنی اور فوری احکا مات جاری کئے۔
اس موقع پر فوری طور پراداکار ہ صابرہ سلطانہ ، سیما بیگم ، ماجد جہانگیر اورخالد سلیم موٹا کی طویل فلمی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی طویل علالت اور معا شی مسا ئل کے با عث انہیں مناسب مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہیں یہ امداد جلد ہی جاری کردی جائے گی جبکہ سینئر پرائیڈ آف پرفارمنس اداکار نجیب اللہ انجم کے کہنے پر پشاور کے بھی کچھ بے روزگار ، بیمار اورضرورت مند فنکاروں کی مالی امداد کیلئے اقدامات کے احکا مات جا ری کئے گئے۔
مصطفیٰ قریشی نےمزید بتایا کہ صدر پاکستان فنکاروں سے محبت کرنے والے شخص ہیں۔ انہوںنے تین گھنٹے ایوان صدر میں ملاقات کی جبکہ دو گھنٹے کھانے پر بھی فلم اور فنکاروں کے حوالے سے بات چیت جاری رہی۔
مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ گزشتہ برس بھی صدر پاکستان نے ہدایت کار ایس سلیمان، یاور حیات، فرید خان مرحوم اور روحی بانو کے لئےبھرپور امداد فوری طور پر جاری کردی تھی۔ اب صدارتی صوابدیدی فنڈ ملے ہیں توانہوں نےمزید 20کروڑروپے کی رقم فنکاروں، ہنر مندوں، رائٹرزاو ردیگر کیلئے مختص کئے ہیں جو رواں برس ضرورت مندوں کو دئیے جائیں گے۔