تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:3

لاہور :موسلا دھار بارش سے 122فیڈر ٹرپ، کئی علاقے بجلی سے محروم

جیو نیوز - لاہور .....لاہور میں کئی گھنٹوں کی موسلا دھار بارش سے شہر کے ایک سو بائیس فیڈر ٹرپ ہوگئے اور متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی نے ڈیرا ڈال لیا۔

بارش سے شاہدرہ، رائے ونڈ روڈ، ڈبن پورہ میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ 5بچے زخمی ہوگئے۔ لاہور میں ہونے والی دھواں دھار بارش کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

مال روڈ اور اس کی ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،درجنوں گاڑیاں اور موٹرسائیکل سوار پھنس گئے،موٹرسائیکلوں پر سوار خواتین اور بچے بارش میں بھیگتے رہے،ٹریفک کے بدترین دباؤ میں ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔لوگ جوتے ہاتھوں میں اٹھائے پریشان حال گھومتے رہے۔

لاہور میں وقفے وقفے سے جاری بارش سے ایک طرف شہر کا موسم انتہائی سہانا ہو گیا تو دوسری جانب کئی گھنٹوں کی موسلاھار بارش سے نشیبی علاقے پانی میں گھر گئے۔

رات کے بعد صبح اور پھر پورا دن، لاہور میں بادل جی بھر کر برسے، آسمان پر سیاہ گھنیرے بادل بدستور چھائے ہوئے ہیں،وقفے وقفے سے کہیں تیز، کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی جاری ہے، بوندوں اور ٹھنڈی ہواؤں نے مل کر موسم دلکش دل نشیں بنا دیا، شہری انتہائی خوش،دل کی خوشی لبوں پر آ گئی ۔

بارش سے سبزہ زار کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ پانچ بچے زخمی ہو گئے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.