تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:20

پنجاب میں بارش،اسکردو میں برفباری، موسم کا مزاج بدلا، گرمی کم ہو گئی

جیو نیوز - لاہور.......پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم کا مزاج بدل گیا،گرمی کی شدت کم ہوگئی،جبکہ بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔اسکردو میں بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں کالے بادل چھائے اور دیکھتے دیکھتے کہیں کم تو کہیں زیادہ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ملتان،فیصل آباد،سرگودھا،چیچہ وطنی اور حافظ آباد سمیت مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہونےوالی رم جھم نے موسم کو دلفریب بنادیا۔

خوشگوار موسم کے ساتھ ساتھ شہریوں کو کچھ مشکلات بھی پیش آرہی ہیں۔بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب گئے،سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافر ہو ں یا پھر پیدل اپنی منزلوں کو جانے والے شہری،دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فیصل آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد اور وہاڑی میں 3افراد زخمی ہوئے۔گوجرانوالہ میں وزیر آباد اور دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں بھی کئی گھنٹوں سے بارش ہورہی ہے ۔

اسکردو، غذر، استور اور دیامر میں بھی موسلادھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،برف باری کے باعث جوزائی میں اسکردواستور روڈ اور قلتری روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.