22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 18:3
لاہور:چھتیں گرنے سے خاتون جاں بحق، زخمیوں کی تعداد 12 ہوگئی
جیو نیوز - لاہور .......لاہور میں کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا، 92ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ گھنٹوں ٹریفک جام رہا، ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا،بارش کے باعث چھتیں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔
لاہور میں رات سے شروع ہونے والی بارش آج شام تک برستی رہی، بے قرار بادل ایسے برسے کہ ہر طرف جل تھل ایک کردیا۔ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں کا ملن، موسم رومانٹک، سہانی رُت سے ہر چہرہ کھل اٹھا۔
کئی گھنٹے تک بادلوں نے بریک نہ لگائے تو کاروبار زندگی کو بریک لگ گئے، نشیبی علاقے پانی پانی ہوگئے، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بیچ سڑک میں بند ہوگئیں، ہر اہم سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا، ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔
گاڑیاں چیونٹی کی رفتار سے رینگتی رہیں،موسم نے پروازوں کو بھی روک دیا، کئی پروازوں کو لاہور اترنے کی اجازت نہ ملی، اڑان بھرنے کو تیار کئی جہاز گھنٹوں بارش رکنے کا انتظار کرتے رہے۔
بارش سے سبزہ زار، رائے ونڈ اور شاہدرہ میں چھتیں گرنے کے افسوسناک واقعات بھی پیش آئے، جن میں ایک خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔ بارش سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر، لیسکو کے 122 فیڈر ٹرپ، شہر کا بڑا علاقہ گھنٹوں بجلی کا منتظر رہا۔