22 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 18:19
بھارت ہمارے ساتھ کشمیر سمیت ہر موضوع پر بات کرے، وزیراعظم
جیو نیوز - لندن.......وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر سمیت ہر موضوع پر پاکستان کے ساتھ بات کرے، کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کی بنیادی وجہ ہے،اسے دوطرفہ بات چیت کے علاوہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھانا چاہیے۔
وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ہیں، لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے،جتنی جلد مسئلہ کشمیر حل ہوگا، پاکستان اور بھارت کے لیے اتنا ہی اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بہت سے مسائل پر بات کریں گے،پاکستان خطے میں اپنا کردار درست طریقے سے ادا کررہا ہے، ہم اپنی خارجہ پالیسی میں تبدیلی لائے ہیں، جس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اچھے پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہیے، ہمسائے تبدیل نہیں کیے جاسکتے، انہیں اپنے مسائل اچھی طرح حل کرنا چاہیے۔