23 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 15:15
بڑی عید کی بڑی خوشیوں میں بس ایک دن باقی
جیو نیوز - کراچی......بڑی عید کی بڑی خوشیوں میں بس ایک دن باقی ہے۔ عیدالاضحی کو یادگار بنانے کے لیے ملک بھر میں شہریوں کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
عیدالاضحی کے لیے جنہوں نے قربانی کے جانور خرید لیے ہیں وہ اپنے جانوروں کی آؤبھگت میں مصروف ہیں۔ جنہوں نے نہیں خریدے وہ بکرے، دنبے، گائے اور بیل کی تلاش میں منڈیوں کا رخ کررہے ہیں۔
ملک بھر کے تمام شہروں کی منڈیوں میں گہما گہمی نظر آرہی ہے۔ بڑی عید پر مزے مزے کے پکوان بنانے ہوں تو مسالے اور دیگر لوازمات بھی ضروری ہوتے ہیں اس لیے بہت سے شہری مارکیٹوں میں ان چیزوں کی خریداری کرتے بھی نظر آرہے ہیں۔
کل چھٹی کا دن ہونے کے باعث ہرکسی کی خواہش یہی ہے کہ آج ہی سارے کام نمٹالے تاکہ عید الاضحی کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منائی جاسکیں۔