23 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 15:47
پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا آغاز کل سے ہو گا
جیو نیوز - کراچی........پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا آغاز کل سے ہوگا۔ پردیسیوں نے آج ہی سے اپنے اپنے گھروں کا رخ کرلیا۔
عید کے دن اپنوں کے ساتھ نہ گزریں تو پھر کیسی عید، کہاں کی عید، یہی بات سوچ کر کام روزگار میں مصروف بڑے شہروں کے پردیسیوں نے عید کی چھٹیاں شروع ہوتے ہی اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرلیا ۔
کسی کو ماں کے ہاتھوں سے بنے چٹخارے دار کھانے یاد آئے، کسی کو بیگم کی بنائے کڑاھی گوشت، باربی کیو اور ملائی بوٹی کے ذائقوں نے کھینچا تو کوئی بچوں کی آواز پر کھنچا چلا گیا۔
اس بار غیر معمولی طورپر لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میںنا صرف انتظامات بہتر تھے، بسوں میں گنجائش سے زیادہ لوگ بھی نہ بٹھائے گئے، ٹرانسپورٹرز نے بھی آنکھیں سر پر نہ رکھیں اور کرائے بھی کنٹرول میں ہی رہے۔
یوں بڑے شہروں سے اپنے گھر جانے والوں کو اس بار آرام کے ساتھ بچت اور بچت کے ساتھ سہولت کے مزے بھی ملے، چھٹیاں کل سے شروع ہوں گی لیکن آج دفاتر کا وقت ختم ہوتے ہی بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر رش بڑھ گیا ہے۔