25 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 12:36
35گاڑیاں روک کر 10ہزار کھالیں تحویل میں لی گئیں،فاروق ستار
جیو نیوز - کراچی .......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے الزام لگایا ہےکہ کھالیں لانے والی ان کی 25 گاڑیوں اور 10ٹرکوں کو روک کر 10ہزار کھالیں تحویل میں لے لی گئیں ، ان کے پاس اپنی گاڑیوں کی ساری تفصیلات موجود ہیں، جو وہ انتظامیہ کو دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما کا کہناتھا کہ ہمارے دس ٹرکوں سمیت35 کھالوں سے بھری گاڑیوں روک کر کسی اور طرف بھیج دیا گیا اور ہماری تقریبا 10 ہزارکھالیں تحویل میں لے لی گئیں ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہماری کھالوں سے بھری گاڑیوں کو مرکزی کیمپ پرآنے نہیں دیا گیا، ہماری تقریبا 10 ہزارکھالیں تحویل میں لی گئیں ہیں، شہرمیں کھالیں جمع کرنے کے لیے ہمارے 26 کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں، ہم انتظامیہ اورقانون نافذکرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کررہے ہیں، جوکوئی زبردستی کھالیں اکٹھے کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، کے کے ایف سمیت جس بھی تنظیم کا کارکن زبردستی کھالیں اکٹھی کررہا ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھالوں کی منتقلی کے لیےقانونی طریقے سے عمل درآمد کررہےہیں لیکن اس کے باوجود ہماری کھالوں سے بھری 25 گاڑیوں اور 10 ٹرکوں کو روکا گیا، ہماری کھالوں سے بھری گاڑیوں کو مرکزی کیمپ پرآنے نہیں دیا گیا، کھالیں جمع کرنے والے کارکنوں،رضاکاروں کو حراست میں لیا گیا جبکہ ہمارے پاس انتظامیہ کا اجازت نامہ ، کے کے ایف کا اتھارٹی لیٹر اور قومی شناختی کارڈ سب موجود ہے۔