تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 8:59

عید الاضحی کادوسرا دن، قربانی اور پکوانوں کا سلسلہ جاری

جیو نیوز - کراچی/لاہور......عید الاضحی کے دوسرے دن بھی قربانی کا سلسلہ جاری ہے،کہیں گوشت بن رہا ہے،کہیں تقسیم ہو رہا ہے اورکہیں بریانی ،قورمے،بھنے گوشت کی خوشبو بھوک بڑھا رہی ہے۔

عید کے دوسرے دن بھی ہر جانب رونقیں سجی ہو ئی ہیں ، قربانی کا سلسلہ جاری ہے،اناڑی ہوں یا کھلاڑی،قصائی آج بھی فل ڈیمانڈ میں ہیں۔جن کے ہاں پہلے دن قربانی ہوئی،انہوں نےتوکلیجی نمٹا دی،آج کہیں سے آرہی ہےخوشبو پلائوکی تو کہیں ہو رہی ہے باربی کیو پارٹی کی تیاری۔

قربانی کرنے والے اپنے محلےداروں اوررشتے داروں میں گوشت تقسیم کرنے کے بعد گھر میں پکے لذیذ کھانوں کا مزہ لے رہے ہیں ،خواتین کی ڈیوٹی آج بھی باورچی خانے میں لگی ہوئی ہے،صبح اور شام کی شفٹ میں مسلسل کام ہورہا ہے،دسترخوان پر مزےدار کھانوں کا اہتمام ہورہا ہے،بڑے گھروں میں مصروف ہیں تو بچے پارکوں مِیں خوب ہلہ گلہ کر رہے ہیں،کوئی جھولہ جھولنے میں مگن ہے،تو کوئی اونٹ کی سواری کے مزے لے رہا ہے۔

لاہور میں بھی عید الاضحی کے دوسرے روز جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے،صاحب استطاعت لوگوں نے اونٹ کی قربانی بھی دی،منڈیوں میں آج بھی لوگ قربانی کے جانور خریدنے پہنچے ہوئے ہیں تاکہ وہ سنت ابراہیمی کے عمل میں شامل ہوسکیں،سنت ابراہیمی کو پورا کرنے کیلئے آٓج بھی لوگ جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں جس میں اجتماعی قربانی بھی شامل ہے جبکہ بعض افراد نے صبح سویرے ہی اونٹ اور گائے کی قربانی کا فریضہ ادا کیا تاکہ عزیز و اقارب اورمستحقین میں بروقت گوشت تقسیم کیا جا سکے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.