26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 16:19
وزیراعظم دورۂ امریکا کے دوران بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے لائیں گے
جیو نیوز - نیویارک......اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کےلیےوزیراعظم نوازشریف نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم دورہـ امریکا کے دوران بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے لائیں گے اورمصروف دن گذاریں گے۔
پاکستان نے بھارت کی سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے کی کھل کر مخالفت کی ہے، جب کہ ورکنگ باؤنڈری اورلائن آف کنٹرول پردیواربنائے جانےکی کسی بھی کوشش کی مخالفت کااعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے70ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کےلیےنیویارک پہنچےہیں، جہاں وہ 30ستمبرکوخطاب کریں گے۔ پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں وزیراعظم نوازشریف کادورۂ نیویارک انتہائی اہمیت اختیارکرگیاہے۔
سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ورکنگ باؤنڈری پر دیوار بنا رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی، بھارت سلامتی کونسل کا مستقل ممبر بننے کے لئے بھی ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، لیکن پاکستان بھارت کی اس کوشش کی کھل کر مخالفت کر رہاہے۔
دہشت گردی کےخلاف جاری جنگ کےحوالےسےبھی وزیراعظم کےدورۂ امریکا پرکئی ممالک کی نظریں ہیں، وہ اقوام متحدہ کےامن مشن سےمتعلق سربراہ اجلاس کی میزبانی میں بھی شامل ہوں گے اور پھرساؤتھ تعاون میٹنگ سے بھی خطاب کریں گےجس کی صدارت چینی صدر کریں گے۔