28 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 8:43
منیٰ میں شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری ،85پاکستانی تاحال لاپتہ
جیو نیوز - منیٰ......منیٰ حادثے میں اب تک 36 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق 85 افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔ جو شہید ہوگئے ان کی منیٰ کے قبرستان میں تدفین کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔
وزیرمذہبی امور کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق منیٰ حادثے میں اب تک لاپتہ حاجیوں کی تعداد 85 ہے ۔ لاپتہ ہونےو الے حاجیوں میں سے 217ایسے ہیں جن کا پتہ چل گیا۔ 36پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہوگئی جبکہ 35 زخمی ہیں ۔
تاحال لاپتہ افراد کے بارے میں سردار یوسف کا کہناتھاکہ ان کی تلاش کےلیے کوششیں جاری ہیں اور جو شہید ہوچکے انکے اہل خانہ کی اجازت کے بعد تدفین سعودی عرب میں ہی کی جائے گی ۔
پاکستان حج میڈیکل مشن کے مطابق منیٰ حادثے میں شہید ہونے والے کراچی کے تلمیذ احمد، افتخار احمد اور قمر خان اور خانیوال کے عبدالرحمان اور شہناز قمر کی تدفین منیٰ کے شہداء قبرستان میں کر دی گئی ہے۔
217افراد جو پہلے لاپتہ تھے ،وہ خود اپنے مکتب پہنچے یا وہ کس حال میں ہیں ، اس بارے میں حکام نےکوئی معلومات نہیں دیں ، تاہم معلومات کےلیے پاکستان میں ٹیلی فون نمبر اور ویب سائٹ کا پتہ دیا گیا ہے ، ماہرین کے مطابق بھگدڑ کے دوران حاجیوں کی دستاویزات گم ہوگئیں جس کے باعث شناخت کے عمل میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔