30 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:36
یونان میں کشتی حادثہ، 8 پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے
جیو نیوز - ایتھنز.......یونان میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 8 پاکستانیوں کی میتیں لاہور ائر پورٹ پر ورثا کے حوالے کردی گئیں ۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ مزید7 میتیں جلد پاکستان لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
یونان میں 26 اگست کو کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 8 پاکستانیوں کی میتیں لاہور ائر پورٹ پر پہنچیں تو وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین اور کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب افضال بھٹی نے کھاریاں کے فیصل ندیم ، منڈی بہائوالدین کے محمد نواز ، محمد عمران، گجرات کے محمد عمیر رضا ، حسن سعید ، علی اکبر ، عبدالمعروف اور جھنگ کے محمد عمران کی میتیں ورثا کے حوالے کیں۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی میتیں واپس لانےکےلیے اوورسیز بھائیوں نے 35 ہزار یورو اکٹھے کیے۔ مزید 7 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لانے کےلیے کوششیں جاری ہیں۔
کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 250 افراد میں سے اب تک 15 پاکستانیوں کی شناخت ہوسکی ہے ۔ جاں بحق ہونیوالے آٹھوں پاکستانیوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔