1 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:48
پاکستان میں دو کروڑ لوگ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں
جیو نیوز - کراچی......ساگر سہندڑو......پاکستان کی 19کروڑ سے زائد آبادی میں سے تین کروڑ لوگ باقاعدگی سے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں جس میں سے دو کروڑ لوگ صرف اور صرف سوشل میڈیا ہی استعمال کرتے ہیں۔
چالیس سے زائد کاروباری کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے والی تنظیم پاکستان ایڈورٹائزر سوسائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چھٹے بڑے ملک پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں فیس بک، ٹوئٹر، واٹس اپ اور انسٹاگرام جیسی سوشل ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لگ بھگ پندرہ کروڑ موبائل صارفین موجود ہیں جن میں سے ایک کروڑ 60لاکھ سے زائد لوگ موبائل فون پر سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں ۔ گزشتہ ایک سال میں پاکستان میں 47 فیصد انٹرنیٹ صارفین اور اسی عرصہ کے دوران سوشل میڈیاصارفین کی تعداد میں 72 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں جنوری 2014 سے مارچ 2015 تک 113فیصد سوشل میڈیا کے موبائل صارفین میں اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ اسی عرصے میں ملک کے اندرموبائل فون صارفین کی تعداد میں بھی 15فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین میں سے50 فیصد صارفین نے اپنے لیپ ٹاپ اورکمپیوٹر کی مدد سے انٹرنیٹ پر ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا۔ موبائل فون کی مد د سے 46 فیصد اور ٹیبلٹ کی مدد سے 3 فیصد انٹرنیٹ صارفین نے ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا۔
پاکستان ایڈورٹائزر سوسائٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں روزانہ فیس بک پر تین ارب بار وڈیوز دیکھی جاتی ہیں ، واٹس اپ پر یومیہ تیس ارب پیغامات کا تبادلہ اور ٹوئٹر پر یومیہ 755 ملین ٹوئٹس ہوتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں انسٹاگرام پر یومیہ70لاکھ سے زائد تصاویر اور وڈیوز اپ لوڈ کئے جاتے ہیں۔
دنیا میں یومیہ دو ارب سے زائد لوگ ای میل بھیجتے ہیں جبکہ گوگل پر ساڑھے تین ارب سے زائدلوگ کوئی نہ کوئی چیز ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے بند یوٹیوب کے وڈیوزکو دنیا بھر میں یومیہ آٹھ ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جاتا ہے جبکہ دنیا بھر میں اسکائپ پر 145ملین کالزہوتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2014سے مارچ 2015تک سب سے زیادہ کمبوڈیہ میں 414 فیصدانٹرنیٹ صارفین میں اضافہ ہوا، دوسرے نمبر پر میانمر میں 346 فیصد، پاپا نیو میں193 فیصد، پاکستان اور تھائی لینڈ میں47فیصد جب کہ بھارت میں صرف اور صرف 14 فیصد انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
موبائل فون پر انٹرنیٹ کے استعمال والے یو سی براؤزر کے ایک سروے کے مطابق پاکستان کی 25 فیصد مائیں موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کرتی ہیں جن میں اکثریت تیس سال سے کم عمر ماؤں کی ہے۔ موبائل فون پر استعمال کرنے والی ماؤں میں سے 42 فیصد ماؤں کا کہنا تھا انہوں نے آج سے پہلے ماؤں کا عالمی دن کبھی نہیں منایا۔
فیس بک کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر ساتواں فردروابط کے لئے فیس بک استعمال کرتا ہے ، فیس بک کے یومیہ صارفین کی تعداد ایک ارب جب کہ مہینے میں ایک بار فیس بک استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ڈیڑھ ارب ہے۔ علاوہ ازیں فیس بک کے سی ای اور مارک زوگر برگ نے انٹرنیٹ کو انسان کا بنیادی حق قرار دینے کے لئے مہم بھی چلا رکھی ہے۔
دی ملینیم پروجیکٹ کی ایک رپور ٹ کے مطابق دنیا کی سات ارب سے زائد آبادی میں سے دو ارب سے زائد لوگ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں ،انٹرنیٹ استعمال کرنے والے سب سے زیادہ لوگ ایشیا میں بستے ہیں جو دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کا 45 فیصد ہیں، امریکہ، چین، برطانیہ، بھارت، برازیل، کینیڈا، جرمنی اور فرانس جیسے ممالک دنیا کے بڑے انٹرنیٹ صارفین ممالک میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں لوگ سب سے زیاد وقت انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی میں خرچ کرتے ہیں ، دنیا بھر میں موجود چھ ارب سے زائد موبائل فون کنکشنز ،اربوں کمپیوٹرز، ہارڈویئرز ، لیپ ٹاپس اور دیگر آلات کی مدد سے انسان دنیا کے ہر پہلو کو دیکھ اور سمجھ رہے ہیں۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے وہاں موبائل فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارمز نہ صرف نوجوانوں کی تفریح کا باعث بنے ہوئے ہیں بلکہ انہی پلیٹ فارمز سے نوجوان اپنی تعلیم اور ٹیلنٹ کا مثبت استعمال کرتے بھی نظر آتے ہیں۔ نوجوان کسی بھی بڑی تنظیم اور حکومتی مدد کے بغیر سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کے مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
فیس بک اور ٹوئٹر جیسی سوشل ویب سائٹس پرپاکستانی نوجوان نہ صرف دہشت گردی، انسانی حقوق کا پامالی اور مذہبی شدت پسندی کے خلاف منظم نظر آتے ہیں بلکہ انہی ویب سائٹس کے ذریعے نوجوان فلاحی، ادبی، تعلیمی، تفریحی اور سیاسی پروگرام منعقد کرتے دکھائی دیتے ہیں جو خود ایک بہت بڑی تبدیلی کی طرف واضح کا اشارہ ہے۔