1 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
پنجاب کے ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
جیو نیوز - لاہور.......پنجاب میں ضمنی انتخاب سے پہلے لاہور میں سیاسی جوش و خروش بڑھتا جارہاہے ۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیاہے کہ چار حلقوں کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج کو تعینات کیا جائے گا۔
آئندہ ہفتے کے بعد پنجاب میں ضمنی انتخاب کا معرکا ہوگا جس میں این اے 122 جیسے اہم حلقے بھی شامل ہیں، جہاں ن لیگ کے ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان مدمقابل ہیں اور دونوں پارٹیاں ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں۔
گرما گرم ماحول کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے بھی اہم فیصلے کرلیے ہیں جس میں پولنگ اسیٹنشنز کے اندر اور باہر فوج کی تعیناتی شامل ہے ۔ الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق فوج اور رینجرز ضمنی انتخابات سے ایک روز قبل پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کی جائے گی جو انتخابی نتائج مرتب ہونے تک پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہیں گی۔
فوج اوررینجرز کے پاس مجسٹریٹ کےاختیارات ہوں گے، 6 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 6اٹک میں شجاع خانزادہ کی خالی نشست، 11 اکتوبر کو پی پی 147 ، این اے 122 لاہور ، این اے 144 اوکاڑہ میں ضمنی انتخاب ہوناہے ۔ این اے 144 ن لیگ کے امیدوار چوہدری محمد عارف کے نااہل ہونے سے خالی ہوئی۔