1 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
پاکستان میں آوے کا آوا ہی بگڑا ہو ا ہے، وفاقی وزیر داخلہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے ، حکومت کرنا مشکل ترین کام ہوگیا ہے، غیر ملکی این جی اوز کی نئی پالیسی لا رہے ہیں، آن لائن رجسٹریشن کے لیے 60 دن کا وقت دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی غیر ملکی این جی اوز کے دفاتر بند کئے،کئی غیر ملکی این جی اوز کو وارننگ دی ہے، ملک میں کئی غیر ملکی این جی اوز کام کررہی ہیں جن کی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی گئی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ سلامتی کی گھمبیر صورتحال کے باوجود ماضی میں کئی غیر ملکی این جی اوز کو کھلی چھوٹ دی گئی، حکومتی اجازت کے بغیر غیر ملکی این جی اوز فنڈز اکٹھے نہیں کرسکیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ این جی اوز کے حکام کا ویزا تبدیل نہیں کیاجاسکے گا، این جی اوز کی آن لائن درخواست پبلک پراپرٹی ہوگی، این جی اوز کی رجسٹریشن کی نگرانی کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔