تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:43

لاہور: ن لیگ کی قوت کا مظاہرہ، حمزہ شہباز کی کارکنوں کے ساتھ ریلی

جیو نیوز - لاہور ..........لاہور میں 11اکتوبر کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے لئے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے جلسے سے 1دن پہلے مسلم لیگ ن نے این اے122 میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ریلی کا آغاز کیا لاہور کے علاقے اچھرہ سے کیا، کارکنوں نے پھول نچھاور کیے، آتش بازی کی گئی اور پھر گھوڑوں کا روائتی رقص بھی ہوا۔ ریلی میں شریک ایک نوجوان نے گلوبٹ کا روپ دھارا ہوا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ وہ بھی اپنے قائد نواز شریف کی طرح امن پسند ہے۔

حمزہ شہباز کی قیادت میں ریلی فیروز پور روڈ، مسلم ٹاؤن سے ہوتی ہوئی وحدت روڈ پر پہنچی جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس کے بعد اورنج لائن ٹرین بھی چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کرکٹ میں ہارتے تھے اور اب اب این اے122 کا میچ بھی ہاریں گے۔

ریلی وحدت روڈ سے باغبان پورہ، پیر غازی روڈ اچھرہ سے ہوتی ہوئی سمن آباد پہنچی۔ اس دوران گاڑیوں کے ساتھ موٹرسائیکل سواروں کا ایک ہجوم بھی شامل رہا، نوجوانوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جو تمام راستے نعرے بازی کرتے رہے۔ حمزہ شہباز بھی شرکاء کا جوش خروش دیکھ کر جذباتی ہو گئے، انہون نے کہنا کہ ضمنی الیکشن میں ایک طرف سیاسی گروپ اور دوسری طرف قبضہ گروپ ہے۔

یہ تو تھا مسلم لیگ ن کی جانب سے طاقت کا بہترین مظاہرہ، اب یہ 11اکتوبر کو ہی پتہ چلے گا کہ ضمنی انتخاب میں کون کس پر بازی لے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.