5 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:36
وزیرداخلہ سندھ نے گاڑیوں کی آفیشل نمبر پلیٹ کا متبادل بتادیا
جیو نیوز - کراچی .......صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ اگر لوگوں کوگاڑیوں کی آفیشل نمبر پلیٹ نہیں مل رہی تو کسی بھی پلیٹ پر پیلا رنگ کریں، سیاہی سے نمبر لکھیں کام چل جائے گا۔
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے پر تاجربرادری سے ملاقات کی اس موقع پر میڈ یا سے گفتگو میں صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کوشش کر رہے ہیں،دونوں عیدوں پر ہونے والے کاروبار نے پچھلے تمام سالوں کےریکارڈ توڑے جو کراچی کے امن کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں تاجر برادری اہم کردار ادا کرتی ہے، پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں ،عوام کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن قائم کی جارہی ہے،جہاں پولیس کیخلاف شکایات درج کی جائیگی ۔
صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیا ل نے دہشتگردی کے واقعات پر کہا کہ ٹریفک پولیس دہشتگردوں کیلئے آسان ہدف بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تاجربرادری کو اسلحہ لائسنس کی فراہمی سمیت دیگر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔