تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:15

پالپا سے مذاکرات ناکام،مطالبات تسلیم نہیں کرسکتے، ترجمان سی اے اے

جیو نیوز - اسلام آباد .....پی آئی اے اور پالپا کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پالپا کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات پی آئی اے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔

ترجمان سی اے اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پالپا کے مطالبات نامناسب ہیں، پی آئی اے ان مطالبات کو تسلیم نہیں کرسکتی، صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تدابیر اختیار کی جائیں گی،پالپا کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات پی آئی اے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن نے پالپا کو فوری طور پر پروازیں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، پروازوں کی بحالی سے پہلے کوئی شرائط نہیں ہونی چاہئیں۔

پی آئی اے انتظامیہ پالپا نمائندوں کے ساتھ بیٹھنے اور ان کے جائز مطالبات سننے کو تیار ہے، اس سلسلے میں پالپا کو 10 افراد پر مشتمل کمیٹی بنانے کی پیشکش کی گئی، جس میں پی آئی اے کے 4 پائلٹس، پالپا کے4 نمائندے اور پی آئی اے مینجمنٹ کے 2 افراد شامل ہوں، لیکن پالپا کے صدر نے پیشکش مسترد کردی اور3 مطالبات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پالپا کے غیرلچک دار رویے کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے، اس عمل سے قومی ائرلائن کو مالی نقصان بھی ہورہا ہے، پی آئی اے حج پروازیں جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گے۔

ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے انتظامیہ پالپا کے دباو میں نا آنے والے پائلٹوں کی بڑی تعداد کی تعریف کرتی ہے، یہ پائلٹ اپنے ادارے کے ساتھ وفادار رہے اور عوام کی خدمات سرانجام دیتے رہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پائلٹوں کی کمی دور کرنے کے لیے تمام دستیاب آپشنز بروئے کار لائے جائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.