6 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:31
پاکستان میں غیر ملکیوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......وزارت داخلہ نے سینیٹ میں تحریری جواب میں کہا ہے کہ پاکستان میں سفارتکاروں کے علاوہ رہائش پذیر غیرملکیوں کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ ہے۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ ملک میں دس فوجی عدالتیں کام کر رہی ہیں۔
سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ ملک میں موجود غیرملکیوں کی تعداد چار لاکھ اکیانوے ہزار نو سو پانچ ہے، یہ غیر ملکی دوہزار سات سے دوہزار پندرہ کے دوران مختلف امیگریشن کے داخلی راستوں سے پاکستان پہنچے لیکن اپنے ممالک واپس نہیں گئے۔
جواب میں بتایا گیا کہ صوبوں کے ریکارڈ کے مطابق سزائے موت کے قیدیوں کی تعداد چھ ہزار سولہ ہے، ملک میں دوہزار پندرہ میں دہشت گردی کے آٹھ سو اکیس واقعات ہوئے جن میں پانچ سو اٹھاون ہلاکتیں اور ایک ہزار سات افراد زخمی ہوئے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ دوہزار دو سے اب تک ملک میں انسانی اسمگلنگ کا شکار افراد کی تعداد چار ہزار پانچ سو بائیس ہے، انسانی اسمگلنگ کے قانون سے آج تک ایک ہزار تین سو تیرہ مجرموں کو سزا ہوئی۔
وزارت دفاع نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ اس وقت ملک میں دس فوجی عدالتیں کام کررہی ہیں، گیارہویں پر کام جاری ہے، عدالت کی سلامتی اور حفاظت کے پیش نظر فوجی عدالتوں میں تعینات ججوں سے متعلق معلومات افشا نہیں کرسکتے۔