7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:59
مسلح ڈرون کی تیاری میں چین نے مدد نہیں کی، سہیل امان
جیو نیوز - اسلام آباد.........پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ مسلح ڈرون کی تیاری میں چین نے پاک فوج کی مدد نہیں کی۔ ’واشنگٹن ٹائمز‘ کو خصوصی انٹرویو میں ایئر چیف نے کہا کہ مسلح ڈرونز کی تیاری میں چین کی طرف سے پاکستان فوج کی مدد کی رپورٹیں غلط ہیں اور پاکستانی انجینئرز نے یہ ٹیکنالوجی خود تیار کی ہے۔
پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے جے ایف 17تھنڈر لڑاکا طیارے تیار کیے ہیں اور اسی قوم نے 1990sکے دوران جوہری ہتھیاروں کو بھی تیار کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ سرحد پر 1لاکھ 75ہزار جوان تعینات ہیں جنہوں نے 3000سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا اور کئی علاقے القاعدہ اور طالبان سے خالی کرائے۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے لئے درکار سرویلنس صلاحیت میں امریکہ کا بڑا ہاتھ ہے۔ وہ کہتے ہیؓں کہ عسکریت پسندوں کی سرحد پار نقل و حرکت جاری ہے اگر واشنگٹن پاکستانی فورسز کو مخصوص ’ریڈار‘ فراہم کرے گا تو پاکستانی فورسز بہترین کام کر پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے گزشتہ برس امریکہ سے فضل اللہ کو نشانہ بنانے کا کہا تھا تاہم امریکی اسے تلاش نہیں کر پائے۔