7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 4:19
جیونیوزپرخبرکےبعد وزیرداخلہ سندھ کانوٹس،ڈی ایس پی اورنگی معطل
جیو نیوز - کراچی.......جیو پر خبر نشر ہونے کے بعد قومی اخبارات میں رینجرز مخالف اشتہارات شائع کرانے والے ڈی ایس پی اورنگی کو معطل کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں قومی اخبارات میں شائع اشتہارات کو مبینہ اشتہار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبائی وزیر داخلہ نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کیاہے اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔
صوبائی وزیر داخلہ کے حکم پر آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی فخر الاسلام کو معطل کردیا ہے جبکہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثنااللہ عباسی پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 3دن میں معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔
اس سے پہلے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہاکہ جو کچھ ہوا ہے وہ انتہائی غلط ہوا ہے ۔ یہ پولیس کا طریقہ کار نہیں ہے ۔ اشتہارات کی یہ زبان نہیں ہونی چاہیے تھی ۔
انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی اشاعت کے لئے منظوری نہیں لی گئی اور اس کے بغیر ہی اشتہارات شائع کرادیے گئے ۔