7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 18:35
عمران کا اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب،وزیراعظم نوازشریف پر کڑی تنقید
جیو نیوز - اوکاڑہ....... چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کئی الزامات لگائے ۔ انہوں نے آصف زرداری کے دور حکومت کو موجودہ دور سے بہتر قرار دیا ۔
ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امپائر نواز شریف کے ہیں، پولیس ان کی ہے، عملہ ان کا ہے، پنجاب کا الیکشن کمشنر ان کا ہے۔ اس کے باوجود تحریک انصاف لاہور میں بھی جیتے گی اور اوکاڑہ میں بھی تگڑا مقابلہ کرے گی ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میاں صاحب بڑی جلدی ڈر جاتے ہیں، خوف میں آکر کسان پیکیج دے دیا،میں نے کبھی سوچا تو نہیں تھا مگر آج یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ آصف زرداری آپ سے بہتر تھا۔
میں آج کہتا ہوں کہ میاں صاب آپ پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی ہیں، آپ نے منی لانڈرنگ کی ہے، ٹیکس کی چوری کی ہے۔
اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف سے بھیک مانگتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی ایک لاکھ ایک ہزار روپے کا مقروض ہو گیا ہے۔
دس کروڑ پاکستانی دو وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے۔دوسری طرف حسین شریف کا لندن میں جو گھر ہے سات سو کروڑ روپے کا ہے۔عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری 480 روپے کی سرکلر ڈیٹ چھوڑ کر گیا تھا، میاں صاحب !آپ نے 615 ارب کردیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سیاسی نا تجربہ کاری کا طعنہ دیا جاتا ہے مگر شریف خاندان کو تو صرف لوٹ مار کا تجربہ ہے ۔ میاں صاب منافقت چھوڑو، عمران خان کو کچھ کہنا ہے تو خود بولو۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اوکاڑہ میں صرف الیکشن کے لیے نہیں آئے ، یہ تیاری کرانے آئے ہیں کہ ظالم نظام کا سامنا کریں۔