8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:35
کرنسی اسمگلنگ کیس : ماڈل ایان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی
جیو نیوز - راولپنڈی........کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل ایان پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔کسٹم جج رانا آفتاب نے کہا کہ دس بار سماعت ملتوی کرنا پڑی اب مرضی کی تاریخ نہیں دیں گے۔
ماڈل ایان علی اپنے روایتی انداز میں آج بھی کسٹم جج کی عدالت میں پیش ہونے کے لئے آئیں،سماعت کے دوران ایان علی کے وکلانے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ استغاثہ سے نیا چالان طلب کیا جائے۔ استغاثہ نے فرد جرم آج ہی عائد کرنے پر زور دیا۔
کسٹم جج رانا آفتاب نے کہا کہ ملزمہ ایان علی کی حد تک چالان مکمل ہے، پہلے بھی فرد جرم کی کارروائی موخر کی گئی،آج فردِ جرم عائد کی جائے گی اس پر مشاورت کرلیںجس پر عدالت نے کچھ دیر کے لیے وقفہ کردیا ۔وقفے کے دوران ایان علی نے اپنے وکیل لطیف کھوسہ کو ٹیلی فون کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں خود آکر معاملہ دیکھنے کو کہا۔
تاہم دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ایان علی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ لطیف کھوسہ آج پیش نہیں ہوسکتے،سماعت ملتوی کی جائےجس پر کسٹم جج نے کہا کہ آپ کی مرضی کی تاریخ نہیں دیں گے، جو تاریخ شیڈول میں ہوگی اس پر آنا ہوگا، جس کے بعد جج نے سماعت 15 اکتوبرتک ملتوی کردی۔سماعت ملتوی ہونے پر ماڈل ایان علی نےکسٹم جج کا شکریہ بھی ادا کیا۔