8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:43
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا اکھاڑہ دھواں دھار رہنے کا امکان
جیو نیوز - کراچی ........کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا اکھاڑہ اس بار بھی بڑے بڑے پہلوانوں سے سج گیا ہے۔ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے بڑے بڑے نام مدِ مقابل آگئے۔
کراچی میں بلدیاتی الیکشن کی اہمیت، دیگر شہروں کی نسبت کہیں زیادہ ہے کیونکہ یہ میٹروپولیٹن شہر بھی ہے اور کاسمو پولیٹن بھی، یہی وجہ ہے کہ سیاسی جماعتوں نے اس مرتبہ بلدیاتی الیکشن جیتنے کیلئے اپنے مشہور ومعروف رہنماوں کو میدان میں اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اس بار ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، روف صدیقی، شبیر قائم خانی،ریحان ہاشمی، امین الحق، وسیم قریشی، سیف الدین خالد،جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان، مسلم پرویز، یونس بارائی ، منعم ظفر، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی زیدی، عمران اسماعیل، داوا خان اور پیپلزپارٹی کی جانب سے نجمی عالم سمیت دیگر رہنماوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔