8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:35
خیبر پختون خوا میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں تیزی
جیو نیوز - پشاور......خیبرپختون خوا میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔ اس سال 6 سو سے زیادہ سرکاری افسران اور ملازمین کو انسداد بدعنوانی کے خلاف قائم محکموں نے گرفتار کیا ہے۔
خیبر پختون خواکے سرکاری ادارے کرپشن میں نمبر ایک ہیں۔ یہ انکشاف ہوا ہے خیبر پختون خوا میں قائم انسداد بدعنوانی کے اداروں کو موصول ہونے والی عوامی شکایات میں ۔ تقریباً ساڑھے تین ہزار شکایات میں سے 19 سو سے زیادہ شکایات سرکاری اداروں کے افسران و اہلکاروں کے خلاف ہیں۔
نیب خیبرپختونخوا اورمحکمہ اینٹی کرپشن نے گزشتہ چند ماہ میں بدعنوان عناصر سے تقریباً 3 ارب روپےوصول کئے جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں ۔ملک میں احتساب کرنے والے ادارے کامیابی کے بلندوبانگ دعوے توکرتے ہیں لیکن کچھ ناقدین ایسے بھی ہیں جو اس کارکردگی کوناکافی قراردیتے ہیں۔
ناقدین یہ الزام بھی عائد کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والے احتساب کا عمل ہمیشہ سے سیاست کے زیر اثر رہا ہے، جو سیاسی مخالفت کیلئے استعمال ہوتارہاہے۔