8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:3
شناختی کارڈ کا حصول چاند تارے توڑ لانے جیسا مشکل
جیو نیوز - کراچی.......کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شناختی کارڈ بنوانا، چاند تارے توڑ لانے جیسا مشکل کام ہوگیا۔ ایک دفتر کے باہر لوگ رات ہی سے قطاریں لگاکر کھڑے ہوجاتے ہیں اور پھر بھی باری نہیں آتی ۔
رات کےاندھیرے میں اورنگی میں لگی اس قطار کو دیکھیے اور سوچئے کیا یہ کوئی بھکاری ہیں اور کچھ خاص بٹنے والا ہے ، کیا یا پھر یہ اس ملک کے باسی نہیں ، غیر قانونی مہاجرین ہیں ۔ اگر نہیں تو پھر آخر ایسی کیا وجہ ہے کہ انہیں اپنا شناختی کارڈ حاصل کرنے کےلیے اتنے جتن کرنے پڑرہےہیں ۔
ستم بالائے ستم ، اتنا طویل انتظار ، اس پر نمبر ایجنٹوں کی جیب گرم کیے بغیر نہیں ملتا، پھر بھی یہ یقین نہیں کہ باری آجائے گی ۔ نادرا نے فقط ایک بینر لگا کر اپنی ذمہ داری پوری کردی ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ روزگار کے حصول اور دیگر روز مرہ معاملات میں مشکلات نہ ہوں تو انہیں بھی شناختی کارڈ کے لیے اپنی تذلیل کا شوق نہیں ۔ حکام بالا ان کی حالت پر رحم کھائیں اور باعزت طریقے سے اس کا حصول ممکن بنائیں۔